اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ قندہار ایئر پورٹ پر طالبان کے حملے میں کم سے کم سینتس افراد ہلاک اور پینتس زخمی ہوئے ہیں۔ افغان وزارت دفاع کے بیان میں اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ ہلاک ہونے والوں میں کتنے سیکورٹی اہلکار اور کتنے عام شہری ہیں۔
اس سے پہلے قندہار میں افغان فوج کے کمانڈر داؤد شاہ وفادار نےصحافیوں کو بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے بہت سے عام شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ یرغمالیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
افغان فوج کے کمانڈر نے کہا کہ عام شہریوں کے جانی نقصان کو روکنے کی غرض سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سست روی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منگل کی شب چودہ طالبان دہشت گردوں نے قندہار ایئر پورٹ پر حملہ کیا تھا جن میں سے نو کو سیکورٹی فورس نے ہلاک کردیا ۔افغان فوج کے کمانڈر نے مزید کہا کہ پانچ دہشت گرد بدستور مقابلہ کر رہے ہیں ۔
ادھرطالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ طالبان کے حملوں میں افغان اور غیرملکی فوجوں کے درجنوں ٹینک تباہ اور ڈیڑھ سو کے قریب غیر ملکی اور افغان فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲