8 دسمبر 2015 - 16:31
ترکی اپنی فوج کو عراق میں باقی رکھنے پر مصر

ترکی کے وزیر خارجہ نے، شمالی عراق سے ترک فوجیوں کے نکل جانے کے لئے بغداد کی جانب سے دی گئی اڑتالیس گھنٹے کی مہلت کے اختتام پذیر ہونے کے ساتھ ہی اپنے ملک کے اقدام کا دفاع کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ چاووش اوغلو نے ترکی چینل چوبیس کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ترکی کی حکومت ان فوجیوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمہ دارہے جو عراق میں ٹریننگ دے رہے ہیں-

واضح رہے کہ جمعرات کو عراقی حکام نے، سیکڑوں کی تعداد میں ترک فوج کے عراق میں داخل ہونے کے بعد انقرہ کے اس اقدام کو، عراق کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان فوجیوں سے فورا عراق سے نکل جانے کا مطالبہ کیا تھا-

عراق کی قومی سلامتی کونسل نے بھی ایک بیان میں کہا کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں ترکی کی فوج کے عراق سے پسپائی نہ کرنے کی صورت میں تمام آپشنز کھلےہوئے ہیں-

عراقی وزیراعظم نے ترکی کو دی گئی مہلت کی مدت ختم ہونے کا وقت قریب آنے اور ترکی کی جانب سے اس مہلت پر توجہ نہ دیئے جانے کے ساتھ ہی، عراقی فوج کو مکمل طورپرالرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲