اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست لوئزیانا کے ایک پارک میں دو مسلح افراد کی فائرنگ سے 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی ریاست لوئزیایا کے شہر آرلینز کے اپر نائنتھ وارڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد ایک میوزک بینڈ کے گانے کی عکس بندی دیکھنے میں مصروف تھے کہ 2 حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کے وقت پارک میں 500 کے قریب افراد موجود تھے جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس جولائی میں بھی ایک حملہ آور نے لوئزیانا کے شہر لافائٹ کے سنیما گھر میں فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔
پولیس تشدد کے خلاف مظاہرہ:

امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منیاپولیس میں ایک امریکی سیاہ فام جامار کلارک کے قتل کو ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی اس شہر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
چوبیس سالہ جامار کلارک کے آبائی شہر منیا پولیس میں پیر کی رات بھی لوگوں نے کلارک کے قتل کے خلاف مظاہرہ کیا۔
امریکی پولیس کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نسل پرستانہ اقدامات کے خلاف ہونے والے اس مظاہرے کے دوران فائرنگ بھی ہوئی جس میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔امریکی پولیس حکام کے مطابق پانچ میں سے تین زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
امریکی سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ امریکی پولیس نے جامار کلارک کو ان کے سر پر گولی مارکر ہلاک کیا جبکہ کلارک کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں اور وہ زمین پر پڑے ہوئے تھے۔
.......
/169