اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لویہ جرگہ کے عدلیہ اور مقننہ سے متعلق کمیشن کے سربراہ غلام محی الدین مصنف نے اتوار کے روز تہران میں ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ افغانستان میں سیکورٹی کا قیام پورے خطے کی سیکورٹی کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے درمیان وسیع تعاون پایا جاتا ہے اور ایران افغانستان کی مشکلات کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے افغانستان میں خشخاش کی کاشت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران افغان عوام کے لئے خشخاش کے بجائے مناسب اور اقتصادی چیز کی کاشت کے سلسلے میں مدد کر رہا ہے تاکہ خشخاش کی کاشت اور اس کے نتیجے میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جاسکے۔ غلام محی الدین منصف نے اس ملاقات میں افغانستان کی سیاسی و اقتصادی حمایت کے سلسلے میں ایران کے کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں خاص طور سے پارلیمانی تعلقات میں فروغ پر تاکید کی۔ انہوں نے افغانستان میں داعش گروہ کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تعاون کے بغیر افغانستان میں پائیدار امن برقرار نہیں ہوسکتا اور افغانستان میں بدامنی کا جاری رہنا ہمسایہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی بدامنی کا سبب بنے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169