اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ پاری موکش سیٹھ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وادی میں گائے کے گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ عدالت نے کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس کو اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے مویشیوں کے گوشت کی فروخت سے معاشرے کے ایک حصے کے مذہبی اقدار مجروح ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رنبیر پینل کوڈ کی رپورٹ کے مطابق مویشیوں کا قتل 298 -A اور 298-B کے تحت قابل سزا جرم بھی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں مہاراشٹرا کی حکومت نے ریاست میں گائے کے گوشت کے ذبح پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے خلاف بھارت میں بھی سخت درعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بھارتی اداکارہ سونم کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر مہاراشٹرا حکومت کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ قدامت پسند لوگ بھارت کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
.......
/169