25 اگست 2015 - 09:49
امریکہ کے ساتھ صرف ایٹمی معاملے میں مذاکرات ہوئے ہیں: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکا کے ساتھ اب تک صرف ایٹمی معاملے پر ہی مذاکرات ہوئے ہیں اور کسی دوسرے موضوع کے بارے میں مذاکرات ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ اب تک صرف ایٹمی معاملے پر ہی مذاکرات ہوئے ہیں اور دوسرے امور کے بارے میں اس سے مذاکرات کرنے کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ اگر امریکیوں نے انسانی حقوق کا موضوع اٹھایا تو کیا اس بارے میں مذاکرات کا امکان پایا جاتا ہے تو محمد جواد ظریف نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکی حکام کے رویئے کا جائزہ لے کر ہمیں یہ طے کرنا پڑے گا کہ ان کے ساتھ مذاکرات کرنا ہمارے ملک کے مفاد میں ہے یا نہیں۔ محمد جواد ظریف کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات ایران کی ریڈ لائن نہیں ہے اور جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ امریکی حکام کے رویئے اور ان کے وعدوں پر عملدرآمد کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کہ دوسرے موضوعات کے بارے میں مذاکرات انجام دینا ہمارے ملک کے مفاد میں ہیں یا نہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ملک کے اعلی عہدیدار اس سلسلے میں فیصلہ کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲