اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کو تہران میں یوم دفاعی صنعت کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں کہا ہے کہ اسلام جب سے دین رحمت کے عنوان سے ظاہر ہوا ہے اس وقت سے ہی اس نے جنگ کے بجائے دفاع کو اصول قرار دیا ہے اور اسلام میں کسی بھی قسم کا جہاد یہاں تک کہ اسلام کی جنگیں بھی جہاد دفاعی قسم کی ہوتی ہیں- ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ہر ملک کی دفاعی صنعت اس ملک کی پالیسی کی عکاس ہوتی ہے اور ایران کی دفاعی مصنوعات بھی اسلامی اصولوں اور وطن کے دفاع کے لئے ہیں- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایسے ممالک بھی ہیں، کہ جن کی صنعت و ڈاکٹرائن، جارحیت اور دوسرے ممالک میں مداخلت کرنا ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اہل کتاب نیز ہنر و تمدن کا گہوارہ ہے اور اس نے کبھی بھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی ملک کو جارحیت کا نشانہ بنانا اس کی حکمت عملی مں شامل ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹراٹیجی کی بنیاد، دفاع ، پوری دنیا کے ساتھ اعتماد کی فضا قائم کرنے، یکجہتی اور کشیدگی دور کرنے کے اصول پر استوار ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اگر ملک، طاقتور اور مستحکم نہ ہو تو وہ اپنا حقیقی امن برقرار نہیں رکھ سکتا- انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کسی بھی ملک کی قومی طاقت، اس کی سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور فوجی توانائی کا مجموعہ ہوتی ہے، کہا کہ دفاعی طاقت، صرف فوجی طاقت سے ہی حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لئے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی توانائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، اپنی سیاسی طاقت کے سہارے ایک ایسے معاہدے تک پہنچا ہے کہ جس سے جارح، جنگ پسند غاصب صیہونی حکومت کے سوا، دنیا کے تمام ممالک مطمئن ہیں- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے کا عمل، ہرگز رکنے والا نہیں ہے اور دفاعی شعبے میں ایران، اپنی ہر طرح کی ضروریات کو پورا کرے گا، کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی معاہدہ، دونوں فریق کی فتح کی ایسی پالیسی کو عملی جامہ پہنانا ہے کہ جس سے پوری دنیا راضی ہے-
.......
/169