10 اگست 2015 - 08:46
نیٹو : ترکی میں امریکی لڑاکا طیاروں کی تعیناتی کی تصدیق

نیٹو نے تکفیری صیہونی دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کی حمایت کی غرض سے ترکی میں امریکہ کے چھے ایف سولہ لڑاکا طیارے تعینات کئے جانے کی تصدیق کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق نیٹو میں امریکی نمائندے نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ امریکہ نے اتوار کو جنوبی ترکی میں واقع اینجرلیک اڈے میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کی حمایت کے لئے چھے، ایف سولہ لڑاکا طیارے تعینات کئے ہیں- ترک حکومت کے ایک ذریعے نے بھی چھے امریکی لڑاکا طیاروں کے پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ یہ طیارے اٹلی کے ،آویانو، ایر پورٹ سے ترکی پہنچے ہیں- امریکہ نے، داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کے بعد پہلی بار ترکی کے ساتھ معاہدے کے تحت اپنے لڑاکا طیارے اس فوجی اڈے پر تعینات کئے ہیں- امریکہ، داعش پر حملوں کے لئے اب تک اینجرلیک فوجی اڈے میں موجود ڈرون طیارے استعمال کرتا تھا اور اس کے لڑاکا طیارے، اردن اور کویت کے فوجی اڈوں سے داعش پر حملے کے لئے استعمال ہوتے تھے- ترکی گذشتہ ہفتوں تک داعش مخالف اتحاد کی کارروائیوں میں حصہ نہیں لے رہا تھا لیکن بیس جولائی کو جنوبی ترکی کے شہر سوروچ میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد، صورت حال بدل گئی اور انقرہ نے اپنی اسٹریٹیجی تبدیل کردی - واضح رہے کہ جنوبی ترکی کے شہر سوروچ میں ہونے والے بم دھماکے میں بتّیس افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس بم دھماکے کا ذمہ دار داعش کو قرار دیا گیا تھا- یہاں اس بات کا ذکر کرنا بہت ضروری سمجھا جاتا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ، وہی گروہ ہے جو امریکہ اور علاقے کے بعض ملکوں کی حمایت سے وجود میں آیا ہے اور اس گروہ کے خلاف اب وہی ممالک کارروائی کرنے کا دعوی کر رہے ہیں جو اس گروہ کو ہمہ جہتی مدد فراہم کرتے رہے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲