اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حماس تحریک کے سیاسی دفتر کے سینیئر رکن موسی ابومرزوق نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کے لئے تمام فلسطینی گروہوں کے تعاون پر زور دیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ فلسطین کی داخلی ناکامی کے نتائج نے عالمی سطح پر فلسطین کی سیاسی پوزیشن اور صیہونی دشمن کے مقابلے پر اثر ڈالا ہے- موسی ابومرزوق نے کہا کہ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دے کر اس ناکامی کو کامیابی میں تبدیل کرنا چاہیے- انہوں نے کہا کہ حماس تحریک قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کی مخالف نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کی قومی اتحاد کی حکومت، غزہ پٹی کے مسئلے سمیت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی ہے- موسی ابومرزوق نے کہا کہ حماس مشکلات کے حل کے لیے ایک نئی حکومت کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے۔ واضح رہے کہ موسی ابومرزوق کا یہ بیان، حماس تحریک کی قیادت کے نام الفتح کی مرکزی کمیٹی کے سینیئر رکن محمد آشتیہ کے پیغام کے جواب میں دیا گیا ہے جس میں محمد آشتیہ نے کہا تھا کہ الفتح اور حماس قومی اتحاد کے ذریعے داخلی اداروں کے کردار اور مسئلہ فلسطین کو دنیا بھر میں بہتر شکل میں پیش کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ الفتح اور حماس تحریک نے تیئیس اپریل دو ہزار چودہ کو اختلافات کے خاتمے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کرکے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دی تھی۔ تاہم اس حکومت نے غزہ کے سلسلے میں کوئی عملی اقدام نہیں کیا جس کے نتیجے میں حماس اور الفتح کے درمیان اختلافات بدستور باقی رہے۔
.......
/169