25 جولائی 2015 - 17:29
عراق؛ تکریت میں دو بم دھماکے، ۱۳ عام شہری جانبحق

عراق کے شہر تکریت میں دو بم دھماکوں میں تیرہ عام شہری جاں بحق اور پچاس دیگر زخمی ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سومریہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبۂ صلاح الدین کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ ہفتے کے دن تکریت شہر کے طوزخرماتو کے علاقے میں دو دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے جن میں تیرہ عام شہری جاں بحق اور پچاس دیگر زخمی ہو گئے۔ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملوں میں شدید جانی نقصان اٹھانے کے بعد عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے شہری علاقوں میں بم دھماکوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ عراق سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبۂ صلاح الدین میں دہشت گرد گروہ داعش کے پچّیس عناصر کو ہلاک اور دسیوں دیگر کو زخمی کر دیا۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الرمادی کے قریب حمیرہ کے علاقے میں دہشت گرد گروہ کے پانچ ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اس آپریشن میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ عراقی فوج نے حالیہ مہینوں کے دوران اسلحے کی کمی کے باوجود عوامی رضاکار فورس اور قبائلی جوانوں کی مدد و تعاون سے عراق کے کئی شہروں کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش امریکا، یورپی ممالک اور خطے میں امریکا کے اتحادی ممالک منجملہ ترکی اور سعودی عرب کے تعاون و حمایت سے وجود میں آیا ہے اور اس دہشت گرد گروہ نے عراق میں ہولناک ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲