11 جولائی 2015 - 16:21
عراقی نائب صدر کی جانب سے ایرانی حمایت کی قدردانی

عراق کے نائب صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے لئے عراق کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نائب صدر نوری مالکی نے جرمن خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کے دوران یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے لئے عراق کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا ہے- نوری مالکی نے مزید کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران یہ کردار ادا نہ کرتا تو عراق دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ نہ کر پاتا- عراقی نائب صدر نے دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے سلسلے میں امریکا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے عراق کو فوجی مدد کے سلسلے میں مثبت کردار ادا نہیں کیا ہے-
نوری مالکی نے مزید کہا کہ داعش مخالف نام نہاد اتحاد کی بمباری میں اس دہشت گرد گروہ کے صرف دس فیصد ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں- نوری مالکی کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا عراقی فوجیوں کو مسلح کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا تو عراق سیکورٹی کے لحاظ سے اس قدر کمزور نہ ہوتا جس قدر آج کمزور ہے- عراقی نائب صدر نے کہا کہ عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے- نوری مالکی کا مزید کہنا تھا کہ عراقی فوجی دہشت گرد گروہ داعش سمیت ہر طرح کے خطرے کا مقابلہ کر سکتے ہیں-

.......

/169