9 جولائی 2015 - 10:06
فلوجہ کا ایک حصہ داعش سے آزاد

عراقی فوج نے عوامی فورس کی مدد سے فلوجہ شہر کے ایک علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت دفاع نے بدھ کی رات ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج نے عوامی فورس کی مدد سے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے شمال میں ایک علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے- صوبہ الانبار کے آپریشن کماںڈر قاسم محمدی نے کہا ہے کہ فلوجہ اور الرمادی کے درمیان دہشت گردوں کے ہتھیاروں کی ترسیل کے راستے منقطع کرنے کے لئے سیکورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں- واضح رہے کہ صوبہ الانبار میں فلوجہ شہر، داعش کا ایک اہم ٹھکانہ ہے اور فوج اس کوشش میں ہے کہ الرمادی سے فلوجہ کو جانے والے راستوں کو بند کر دے تاکہ اس صوبے کو دہشت گردوں سے مکمل آزاد کرانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے- دوسری جانب عراق کی انسانی حقوق کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی عراق میں ایک ایسی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے کہ جس میں پچاس عراقی فوجیوں کی لاشیں ہیں۔ عراق کی انسانی حقوق کی وزارت نے اس اجتماعی قبر کے بارے میں تحقیق کے لئے ایک گروپ روانہ کیا ہے- عراق کی انسانی حقوق کی وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجتماعی قبر میں عراقی فوج کے تقریبا پچاس اہلکاروں کی لاشیں ہیں جو المثنی کی تنصیبات کے دفاع کے لئے تعینات تھے اور ان کا گولہ بارود ختم ہونے کے بعد داعش دہشت گردوں نے ان کا محاصرہ کر کے انہیں قتل کر دیا اور ایک اجتماعی قبر میں دفن کر دیا - عراقی فوج، اس ملک کے بعض علاقوں سے دہشت گردوں کاصفایا کرنے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲