اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے دنیا کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں سے عالمی یوم القدس کے جلوسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے-
ایران کی وزارت خارجہ نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال عالمی یوم القدس ایسے عالم میں منایا جا رہا ہے کہ صیہونی حکومت کے فتنوں کے شعلے نہ صرف فلسطین اور بیت المقدس، بلکہ پورے مشرق وسطی کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہیں اور تکفیری دھڑوں کے ساتھ مل کر اس غاصب حکومت کی بربریت، ماضی سے زیادہ عیاں ہو گئی ہے- ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ذریعے بیت المقدس کو یہودی رنگ دینے اور اس مقدس شہر کی تاریخی حیثیت اور تہذیب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے سبب، علاقے میں خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے اور ناخوشگوار حالات وجود میں آ رہے ہیں- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں جارحانہ کارروائیاں جاری رہنے سے ان علاقوں میں انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے-