اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عالمی یوم القدس قریب آنے کے موقع پر ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران عالمی یوم القدس کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کی یادگار قرار دیا اور کہا کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر لوگ دنیا والوں پر ثابت کر دیں گے کہ مسلمان مسئلہ فلسطین اور اس سر زمین پر قبضے کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے- صدر مملکت نے مزید کہا کہ عالمی یوم القدس در حقیقت اتحاد بین المسلمین کا مظہر ہے- ڈاکٹر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان مقبوضہ سرزمینوں کی آزادی کے خواہاں ہیں- وہ فلسطینی قوم اور بیت المقدس کو نیز فلسطینی قوم پر روا رکھے جانے والے مظالم اور ان مظالم پر بعض طاقتوں کی خاموشی کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ لوگ ہر سال جوش و جذبے کے ساتھ عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں کہا کہ رواں سال کے جلوسوں کی دو خصوصیات ہیں ایک یہ ہے کہ ایک طرف خطے میں صیہونی حکومت سے وابستہ دہشت گردوں نے عوام کے قتل عام کا بازار گرم کر رکھا ہے اور لوگ عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں شرکت کر کے صیہونی حکومت اور دہشت گردوں سے اپنی نفرت کا اظہار کریں گے اور دوسری جانب ایٹمی مذاکرات کے دوران عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں ایران کے عوام کی شرکت اپنے حقوق اور عزت کی ایک طرح کی پشت پناہی ہے- صدر مملکت نے مزید کہا کہ عالمی یوم القدس کے جلوس جس قدر زیادہ پرشکوہ ہوں گے اسی قدر دنیا والے ایران کے مسلمان عوام کو زیادہ عزت و احترام کی نظر سے دیکھیں گے اور اسلامی حکومت اور اسلامی نظام کو زیادہ طاقتور اور مستحکم سمجھیں گے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲