29 جون 2015 - 18:27
تیونس؛ سیاحوں پر دھشتگردانہ حملے میں ملوث افراد گرفتار

تیونس کے ساحلی شہر سوسہ میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانسیسی اخبار لو فیگارو کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تیونس کے وزیر داخلہ محمد الناجم الغرسلی نے پیر کے دن کہا ہے کہ جمعے کے دن سوسہ شہر میں سیاحوں پر فائرنگ کرنے والے شخص کے ساتھ رابطے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے- تیونس کے وزیر داخلہ نے ساحلی تفریحی مقام سوسہ کے ہوٹل میں پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث نیٹ ورک کے عناصر کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے- واضح رہے کہ تیونس کے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس میں فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے وزرائے داخلہ بھی موجود تھے- دوسری جانب تیونس کے وزیر داخلہ محمد الناجم الغرسلی نے پیر کے دن اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں لکھا ہے کہ سوسہ شہر میں دہشت گردانہ کارروائی کے بعد اس جیسے مزید دہشت گردانہ واقعات کی روک تھام نیز سیاحوں اور سیاحتی مقامات کی حفاظت کے لئے ایک خصوصی مسلح پولیس فورس تشکیل دی جا رہی ہے- کہا جاتا ہے کہ تیونس کے ہوٹلوں پر دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کے لئے مسلح پولیس اہلکار تعینات نہیں کئے جاتے ہیں- جمعے کے دن بھی دہشت گردوں نے سیکورٹی کے فقدان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سوسہ شہر میں واقع امپیریئل ہوٹل پر کیا تھا- دہشت گرد بڑی آزادی کے ساتھ آتشیں اسلحہ ہاتھوں میں لئے اس علاقے میں گھومتے رہے اور اس کے بعد انھوں نے سیاحوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا- سیکورٹی فورس کے اہلکار بھی دیر سے جائے وقوعہ پر پہنچے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲