29 جون 2015 - 18:06
داعش کی نابودی کے لیے عراقی فضائیہ کی حمایت ضروری: حیدر العبادی

عراقی وزیر اعظم نے دہشت گرد گروہ داعش کی نابودی کے لئے داعش مخالف اتحاد سے موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے امریکی کانگریس کے اراکین کے وفد کے ساتھ ملاقات میں دہشت گرد گروہوں میں مزید افراد کی شمولیت کی روک تھام اور ان کے مالی ذرائع منقطع کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- حیدر العبادی نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے اور داعش مخالف عالمی اتحاد کو چاہئے کہ اس کی نابودی کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے اور عراقی فضائیہ کی مزید مدد و حمایت کی جائے- امریکی وفد نے بھی اس ملاقات میں داعش کے خلاف برسر پیکار عراقی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وفد نے عراقی کردستان کے مرکز اربیل شہر میں اس علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی سے امریکی قونصل خانے میں ملاقات کی ہے- مسعود بارزانی نے اس ملاقات میں عراقی کردستان کے علاقے کی سیاسی اور سیکورٹی کی صورتحال بیان کرتے ہوئے، داعش کے خلاف جنگ میں کرد ملیشیا کے کارناموں کا ذکر کیا- انہوں نے کہا کہ علاقے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے سنگین خطرات کے پیش نظر کردوں کو ہتھیاروں کی ضرورت ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲