25 جون 2015 - 13:06
شیخ علی سلمان کی سزا پر نظر ثانی کرنے پر اقوام متحدہ کی تاکید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے بحرین کے سیاسی اور مذہبی رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف بحرین کی عدلیہ کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے بحرین کے سیاسی اور مذہبی رہنما شیخ علی سلمان کے خلاف بحرین کی عدلیہ کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بحرین کی الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف غیر منصفانہ مقدمے پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی حکومت کو چاہیے کہ وہ آزادی اظہار اور اجتماعات کی آزادی جیسے حقوق کا احترام کرے۔ دوجاریک نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان اور بحرین کی تازہ ترین صورتحال کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے بحرین کی شاہی حکومت نے شیخ علی سلمان پر حکومت کے خلاف عوام کو بھڑکانے اور پرتشدد طریقے سے حکومت کی تبدیلی کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔ گذشتہ ہفتے منگل کو بحرین کی ایک نمائشی عدالت نے شیخ علی سلمان کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی جس پر عالمی برادری اور بحرینی عوام نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲