24 جون 2015 - 01:47
امریکہ: تیس جون کی ڈیڈ لائن میں تبدیلی کا امکان ہے

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے جامع ایٹمی سمجھوتے کے حصول کے لئے تیس جون کی ڈیڈ لائن میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے پیر کے روز واشنگٹن میں نامہ نگاروں کے اجتماع میں کہا کہ ایران کے ایٹمی سمجھوتے سے متعلق معاملے کے حل کے لئے ممکن ہے کہ تیس جون کی مدت میں توسیع کردی جائے-

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ تیس جون کی ڈیڈ لائن اپنی جگہ قائم ہے لیکن امکان ہے کہ ضرورت پڑنے کی صورت میں اس تاریخ میں کچھ توسیع کردی جائے-
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بھی کہا ہے کہ امریکہ کی ساری توجہ تیس جون تک سمجھوتے کے حصول پرمرکوز ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سمجھوتے کی ڈیڈ لائن خود سمجھوتے سے زیادہ اہم نہیں ہے-

اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز لکزمبرگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا تھا کہ ایک اچھے ایٹمی سمجھوتے کے حصول کی اہمیت، مقررہ مدّت میں دیر سویر ہونے سے کہیں زیادہ اہم ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے مذاکراتی فریقوں کو چاہئے کہ وہ توسیع پسندی اور بین الاقوامی قوانین کے دائرے سے ہٹ کر مطالبہ کرنے سے اجتناب کریں تاکہ ایٹمی سمجھوتے کا حصول ممکن ہو سکے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169