19 جون 2015 - 22:01
صنعا مستقل اور ریاض عارضی جنگ بندی کا خواہاں

یمن کی سیاسی جماعتوں نے سعودی عرب کے برخلاف مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے بارے میں جنیوا مذاکرات میں سعودی عرب کے وفد نے عارضی جنگ بندی، جبکہ یمن کی سیاسی جماعتوں نے مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی ہے- سعودی عرب کے وفد نے یمن کے تمام شہروں سے مسلح افواج کے انخلا کی مخالفت بھی کی ہے-
سعودی عرب صرف عدن شہر سے فوجی انخلا چاہتا ہے- ادھر صنعا کے وفد کے رکن محمد الزبیری نے کہا ہے کہ شہروں سے انخلا، صنعا میں حکومت کی تشکیل اور صدر کے انتخاب نیز یمنی فوج کی نئی تشکیل کے بعد ہونا چاہئے- ان کا کہنا تھا کہ شہروں سے یمن کی فوج اور رضاکار فورس کا انخلا دہشت گرد گروہ القاعدہ کے فائدے میں ہوگا-
دریں اثنا جنیوا کانفرنس میں تحریک انصار اللہ کے رکن حمزہ الحوثی نے کہا ہے کہ انصار اللہ، اقوام متحدہ کی مجوزہ جنگ بندی کی تائید کرتی ہے لیکن سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے اس کی مخالفت کی ہے- انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنیوا مذاکرات ایسے اصولوں پر منتج ہوں گے کہ جن کی بنیاد پر یمن کے سیاسی گروہ وسیع راہ حل تک پہنچ سکیں-

.......

/169