17 جون 2015 - 14:46
محمد مرسی کی سزائے موت پر توثیق کے خلاف رد عمل

مصر میں معزول صدر محمد مرسی کی پھانسی کی سزا کی عدالتی توثیق پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق مصر کی ایک عدالت نے منگل کے روز معزول صدر محمد مرسی کی سزائے موت کی توثیق کردی- مرسی کو موت کی سزا گزشتہ ماہ سنائی گئی تھی اور منگل کے روز قاہرہ میں فوجداری عدالت نے ملک کے مفتی اعظم سے صلاح و مشورے کے بعد اس سزا کی توثیق کردی- مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی سزائے موت کی توثیق کے بعد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے- اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے مرسی کی سزائے موت کی توثیق پر تشویش کا اظہار کیا ہے- بان کی مون کے ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو مرسی سمیت تقریبا" سو افراد کی سزائے موت کی توثیق سے بہت زیادہ تشویش لاحق ہوگئی ہے- دریں اثنا اخوان المسلمین اور مصر کی دیگر جماعتوں نے مرسی اور اخوان المسلمین کے دیگر لیڈروں کو سنائی جانے والی سزا کی مذمت کی ہے- اخوان المسلمین کے ترجمان نے کہا ہے کہ محمد مرسی اور اخوان المسلمین کے دیگر لیڈروں کو عمر قید اور موت کی سزا کے فیصلے سے کشیدگی پیدا ہوجائے گی- دوسری طرف چھے اپریل یوتھ موومنٹ کے سیاسی دفتر کے رکن خالد اسماعیل نے کہا ہے کہ قاہرہ کی عدالت کے فیصلے، سیاسی احکامات کا حصہ ہیں جن پر مصر کی موجودہ حکومت اخوان المسلمین پر دباؤ بنانے کے لئے عمل کر رہی ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب اخوان المسلمین نے لوگوں سے حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے- مصر کے عوام نے معزول صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمین کے رہنماؤں سے متعلق عدالتی فیصلوں کے خلاف قاہرہ اور مصر کے دوسرے شہروں میں مظاہرے کئے- مظاہرین نے محمد مرسی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں- انہوں نے محمد مرسی کو صدارت کے عہدے پر بحال کئے جانے کے حق میں نعرے لگائے- مظاہرین نے مصر کے صدر عبدالفتاح سیسی کے خلاف بھی نعرے لگاتے ہوئے ان پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا- اخوان المسلمین نے عدالت کے فیصلوں کو ظالمانہ قرار دیا اور مصر کی حکومت کے اقدامات پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲