27 مئی 2015 - 11:21
صوبہ الانبار کی آزادی کے لئے فوجی آپریشن جاری

عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں نے صوبے الانبار کی آزادی کے لئے فوجی آپریشن شروع کردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کی عوامی فورس کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ منگل کی شام سے صوبہ الانبار کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ عراق کی مسلح افواج نے صوبہ الانبار کی آزادی کی کارروائی کا آغاز لبیک یا حسین کے کوڈ سے کیا ہے۔ صوبہ الانبارکو آزاد کرانے کی کارروائی میں عراقی قبائل، عوامی رضاکار فورس کے جوان اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار شرکت کر رہے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الرمادی شہر کے جنوب میں داعش دہشت گردوں کی سپلائی لائن بھی کاٹ دی ہے اور فوجی جوانوں نے حصیبہ کے مشرقی علاقے میں پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ عراقی فضائیہ نے مشرقی حصیبہ کے علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ صوبہ الانبار کے خالدیہ نامی علاقے میں بھی وسیع پیمانے پر سیکورٹی فورس کے جوان تعینات ہیں۔ یہ علاقہ الرمادی کی آزادی کے لئے شروع کئے جانے والے آپریشن میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲