اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی ایران پر پابندی عائد کرنے کی پالیسی ایک اسٹریٹجک غلطی تھی-
ڈاکٹر لاریجانی نے منگل کو تہران میں صربیا کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب کی جانب سے ایران پر پابندی عائد کرنے کی پالیسی ایک اسٹریٹجک غلطی تھی کیونکہ یہ اقدامات ایران کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادے کے جائز حق کے حصول کی کوشش سے روک نہیں سکے- ڈاکٹر لاریجانی نے دہشتگردی کی لعنت کا سطحی طور پر مقابلہ کئے جانے پر تنقید کی اور کہا کہ اس لعنت پر قابو پانے کے لئے یورپ سمیت بین الاقوامی تعاون ضروری ہے اور ہمیں امید ہے کہ یورپی یونین اس سلسلے میں موثر کردار ادا کرے گی- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے ایران اور صربیا کے دوستانہ تعلقات اور تعاون میں فروغ کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ بلقان کے علاقے کے ممالک بالخصوص صربیا کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے کی حمایت کرتی ہے- اس موقع پر صربیا کے نائب وزیر اعظم راسیم لیاییچ نے کہا کہ ان کا ملک علاقے اور دنیا کے ایک اہم ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲