16 مئی 2015 - 10:34
حفظ اور قرات قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں قرآن کریم کا بتیسواں عالمی حفظ اور قرات قرآن کریم کا مقابلہ شروع ہوگیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حفظ و قرائت کے شعبے میں قرآن کریم کے بتیسویں انعامی مقابلوں کا افتتاح صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کیا- قرآن کریم کے عالمی انعامی مقابلوں میں دنیا کے پچھتر ممالک کے قاری اور حافظ حصہ لے رہے ہیں- قرآن کریم کے اس عالمی مقابلوں کے موقع پر قرآنی تحقیقات سے متعلق نواں بین الاقوامی اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں دنیا کے دس ممالک کے محققین حصہ لیں گے جبکہ اس موقع پر قرآنی علوم کے سلسلے میں فعال خواتین کا چھٹا بین الاقوامی اجلاس اور قرآن سے انس کے زیر عنوان ساٹھ پروگرام بھی منعقد ہوں گے جس میں مصر اور انڈونیشیا کے قاری حصہ لیں گے- بتایا جاتا ہے کہ اس دوران پچاس تربیتی مراکز بھی قائم کئے جائیں گے جس میں عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے قرآن کریم کے بتیسویں عالمی مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اسلامی معاشرے کے لئے پوری طرح خیر و برکت ہے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا سبب بننے والا ایک مسئلہ یہ ہے کہ تمام مسلمان وحی کی زبان میں قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں- اس موقع پرقرآن کریم کے بتیسویں عالمی مقابلوں کے امور کی کمیٹی کے کوارڈینیٹر نے کہا کہ ان مقابلوں میں دنیا کے پچھتر ممالک کے ایک سو تیس حافظ، ممتاز قاری اور بین الاقوامی جج مدعو ہیں- کریم باقری نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح ان مقابلوں کے موقع پر عید بعثت کی مناسبت سے مسلم امہ بالخصوص محبان قرآن کے درمیان اتحاد قائم رکھنے کے لئے مختلف قسم کے پروگرام کئے جائیں گے - قرآن کریم کے بتیسویں دور کے انعامی مقابلے تئیس مئی تک جاری رہیں گے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169