15 مئی 2015 - 10:14
روس: جنیوا تین کانفرنس میں ایران کی شرکت پر زور

روس نے کہا ہےکہ جو ممالک شام کے بحران کو حل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں، انھیں جنیوا تین کانفرنس میں ضرور شرکت کرنی چاہیے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ اور مشرق وسطی اور افریقہ کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے میخائل بوگدانف نے کہا ہے کہ ہمارا اب بھی یہ خیال ہے کہ ایران کو جنیوا دو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہ دینا ایک غلطی تھی- انہوں نےکہا کہ اثرورسوخ رکھنے والے مزید ملکوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعودت دینی چاہیے- روس کے نائب وزیرخارجہ نے کہاکہ ایران، سعودی عرب، ترکی اور شاید مصر کی مانند شام کے بعض قریبی ممالک اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں سے کم از کم روس اور امریکہ کو جنیوا تین کانفرنس میں شرکت کرنی چاہیئے- میخائل بوگدانف نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی نگرانی میں منعقد ہونی چاہیئے جس میں سیکریٹری جنرل بان کی مون اور شام کے امور میں ان کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا بھی شریک ہوں- انھوں نے کہا کہ اس کانفرنس کی بنیاد شامی حکومت اور اس کے مخالف گروہوں کے مذاکرات ہوں گے- ان کا کہنا تھا کہ ماسکو اجلاس اور جنیوا مذاکرات، جنیوا تین کانفرنس کے انعقاد کے لیے آمادگی پیدا کرنے کے لیے انجام پا رہے ہیں- روس کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنیوا میں ڈی میسٹورا کے رابطے اور شامی گروہوں اور شامی حکومت کے مخالف گروہوں کے درمیان رابطے یہ سب جنیوا تین کانفرنس کے لیے آمادگی کے تناظر میں انجام پا رہے ہیں-

.......

/169