15 مئی 2015 - 09:53
ایرانی امدادی بحری جہاز، خبری بائیکاٹ غیر موثر

ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ سید امیر محسن ضیائی نے کہا ہے کہ یمن کے لئے ایرانی امداد کے حامل بحری جہاز کی روانگی نے اس علاقے کا خبری بائیکاٹ ختم کردیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ سید امیر محسن ضیائی نے جمعرات کی شام شہر قم میں متعدد مراجع تقلید اور علمائے کرام سے ملاقات کی- انھوں نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں ایران کا کردار بہت زیادہ اہم رہا ہے- واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت اور یمن کے نہتے شہریوں کے مصائب و آلام سے متعلق عرب اور مغربی میڈیا نے مکمل طور پر خبری بائیکاٹ کر رکھا ہے حتی یمن کے واحد ٹی وی چینل المسیرہ کو بار بار جام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے- ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ سید امیر محسن ضیائی کا کہنا ہے کہ ایران کی ہلال احمر کمیٹی کی سرگرمیوں میں دس لاکھ سے زائد افراد سرگرم عمل ہیں جس کی رو سے اس شعبے میں وہ، دنیا میں پہلے مقام پر ہے- انھوں نے کہا کہ جنیوا میں آئندہ ہفتے، عالمی ریڈکراس کے اجلاس میں امداد رسانی کے مسئلے پر گفتگو ہوگی- ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ امدادی ادارے کو لوگوں کی مدد کے لئے سیاسی مسائل سے نہیں جوڑنا چاہییے- سید امیر محسن ضیائی نے کہا کہ امدادی ادارہ انسانیت کے ناطے سب کی مدد کرنے کے لئے آزاد ہے اور اس کی سرگرمیوں کو تنگ نظری سے نہیں دیکھا جانا چاہیئے- قابل ذکر ہے کہ ایران میں آٹھ مئی سے چودہ مئی تک کے ایام کو ہفتہ ہلال احمر کا نام دیا گیا ہے-

.......

/169