10 مئی 2015 - 06:26
بغداد، جیل میں بغاوت، چھتّیس افراد ہلاک، چالیس قیدی فرار

عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع جیل میں ہونے والی بغاوت کے نتیجے میں چھتّیس افراد ہلاک ہوگئے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بغداد جیل میں ہونے والی بغاوت میں تیس قیدی اور چھے پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں- یہ افراد، قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہوئے- بتایا جاتا ہے کہ اس جیل میں تین سو سے زائد قیدی موجود تھے جن میں کم از کم چالیس قیدی فرار ہوگئے ہیں- فرار ہونے والے قیدیوں کا، داعش دہشتگرد گروہ سے ممکنہ رابطے کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے- دوسری جانب عراق کے ایک رکن پارلیمنٹ نے پناہ گزین گھرانوں کے ذریعے دارالحکومت بغداد سمیت مختلف علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے پیدا ہونے والے اثرورسوخ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے- عراق کے رکن پارلیمنٹ حبیب الطرفی نے کہا ہے کہ عراق کی پارلیمنٹ، پناہ گزین گھرانوں میں داعش دہشتگرد عناصر کی شمولیت روکنے کی اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرےگی- عراق کے اس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ داعش دہشتگرد گروہ کی اس سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا کہ وہ، عراقی پناہ گزینوں کے بھیس میں مختلف علاقوں میں دہشتگردی پھیلا سکے- واضح رہے کہ عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ بغداد میں ہونے والے متعدد کار بم دھماکوں میں داعش دہشتگرد گروہ، ملوث رہا ہے جس نے عراقی پناہ گزینوں کے ذریعے دھماکہ خیز مواد بغداد منتقل کیا تھا-

.......

/169