اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی گیس کمپنی کے ڈائرکٹر حمید رضا عراقی نے جمعے کو تہران میں منعقدہ تیل _ گیس صنعت کی بیسویں نمائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس ذخیرہ کرنے کا پروجیکٹ، پرائیویٹ سیکٹر کے سپرد کئے جانے کے لئے نئے معاہدے پر دستخط ہوں گے- حمید رضا عراقی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اس وقت ایران کی گیس برآمدات کی شرح مثبت ہے کہا کہ اس سال عراق کے لئے روزانہ پانچ سے سات ملین میٹر مکعب گیس کی برآمدات شروع ہو جائے گی اور ترکی کو روزانہ بطور متوسط تیس ملین مکعب میٹر گیس برآمد کی جائے گی- حمید رضا عراقی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران کے پاس چونتیس ٹریلین مکعب میٹر گیس کے ذخائر موجود ہیں اور اس طرح اس کے پاس دنیا میں گیس کے سب سے بڑے ذخائر ہیں، کہا کہ ایران، گیس کی عالمی تجارت میں اپنی پوزیشن بڑھانا چاہتا ہے تاکہ اس منڈی میں اپنا حصہ ایک فیصد سے دس فیصد تک پہنچا سکے- ایران کی قومی گیس کمپنی کے مینیجنگ ڈائرکٹر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ تین ہزار کلومیٹر پائپ لائن سے ایران، اپنی گیس یورپ تک پہنچائے گا، کہا کہ جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ یورپ تک ایران گیس کی برآمدات، اقتصادی لحاظ سے سود مند ہے-
.......
/169