اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فواد معصوم نے ہفتے کے دن اپنے دورہ ایران سے قبل ایک انٹرویو میں تہران بغداد تعلقات کو اسٹریٹیجک قرار دیا اور کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے عراق کو مشاورت کی مدد فراہم کرتے ہوئے دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مددد و حمایت کی- فواد معصوم نے مزید کہا کہ دہشتگرد گروہ داعش صرف عراق اور ایران ہی کے لئے خطرہ نہیں تھا بلکہ سارے خطے کے لئے خطرہ تھا اور اگر یہ دہشتگرد گروہ عراق میں کامیاب ہو جاتا تو ترکی، اردن، سعودی عرب اور کویت سمیت تمام ہمسایہ ممالک بلکہ خطے سے باہر کے ممالک کے لئے بھی سیکورٹی مسائل پیدا کر دیتا- عراقی صدر نے اس بات کو بھی بیان کیا کہ ایران اور عراق کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور یہ تعلقات قومی، دینی اور تہذیبی مشترکات کی بنیاد پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ طویل ہے- عراقی صدر نے مزید کہا کہ عراق میں نیا نظام تشکیل پانے کے بعد تمام میدانوں میں ایران اور عراق کے تعلقات بہت دوستانہ اور اچھے رہے ہیں-
.......
/169