6 مئی 2015 - 08:42
ایٹمی مذاکرات میں ابھی بہت سے کام باقی ہیں: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی مذاکرات میں ابھی بہت سے کام باقی ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی رات کو نیویارک میں ایٹمی مذاکرات ختم ہونے کے بعد اور تہران واپسی کے موقع پر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ہفتے بھر کی مصروفیت کے باوجود ابھی بہت سے کام باقی ہیں لیکن بہادروں کی خوبصورت سرزمین کے لئے کام کرنا ہمیشہ مسرت اور فخر کا باعث ہے- ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے بھی نیویارک میں ایٹمی مذاکرات کے اختتام پر کہا کہ مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہو گا- سید عباس عراقچی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ مذاکرات کا ایک حصہ ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق ہے اور ایک حصے کا تعلق شفافیت اور نگرانی سے ہے، مزید کہا کہ ان مذاکرات کا ایک حصہ پابندیوں کے اٹھائے جانے کے بارے میں ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے سینئر ایٹمی مذاکرات کار نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اضافی پروٹوکول پر عملدرآمد کا مقصد زیادہ اعتماد سازی ہے، کہا کہ ایران نے اضافی پروٹوکول سے بڑھ کر نگرانی کا کوئی سسٹم قبول نہیں کیا ہے اور صرف اضافی پروٹوکول کے دائرے میں اعتماد سازی کی جائے گی- واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے پاس جوائنٹ ایکشن پلان کے مسودے کی تدوین کے لئے تیس جون دو ہزار پندرہ تک کا وقت ہے-

.......

/169