21 نومبر 2024 - 10:21
مقبوضہ فلسطین میں پانچ لاکھ صہیونی آبادکار مستقل طور پر پناہ گاہوں میں رہائش پر مجبور ہیں، بریگیڈیئر جنرل سلیمانی

سپاہ پاسداران کی بسیج فورس کے کمانڈر نے بوشہر میں بسیج فورس کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی اراضی میں سائرن بجتے ہی ایک سے دو ملین صہیونی آبادکار پناہ گاہوں میں چھپنے کے لئے دوڑتے ہيں اور یہ سلسلہ اب ہر روز کئی مرتبہ دہرایا جا رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا |

سپاہ پاسداران کی بسیج فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل غلام رضا سلیمانی نے ساحلی شہر "بوشہر" میں لاکھوں بسیجیوں سے خطاب کرتے ہوئے غاصب صہیونی ریاست کی ان دنوں کی ناگفتہ بہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ صادق آپریشن نے مبینہ آئرن ڈوم کا افسانہ باطل کر دیا اور اس وقت محاذ مقاومت کے میزائل ہر روز کئی مرتبہ مقبوضہ اراضی میں غاصب ریاست کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہیں۔

بسیج فورس کے کمانڈر نے کہا کہ محاذ مقاومت کے میزائل اور ڈرون حملوں کے خوف سے 5 لاکھ غاصب یہودی آبادکار مستقل طور پر پناہ گاہوں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل غلام رضا سلیمانی نے زور دیکر کہا کہ صہیونی ریاست بہت تیزی سے تباہی کے دہانے کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ حزب اللہ اور محاذ مقاومت کی کامیابی واضح ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود، صہیونی ریاست اقتصادی لحاظ سے تباہ ہو چکی ہے اور اس کے اہم صنعتی، تجارتی اور سیاحتی مراکز مقاومتی تحریکوں کے حملوں کے خوف سے بند ہوچکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے حکم کے مطابق محاذ مقاومت کو تقویت دینا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صہیونی ریاست کے خلاف ایک نیا محاذ کھولنے کا وقت آگیا ہے اور وہ ہے دنیا کو یہ دکھانا کہ غاصب ریاست اور صہیونیت اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے صہیونیت کی شدید کمزوریوں اور ناکامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی تصور  کر سکتا تھا کہ جو ریاست نیل سے فرات تک کی اسلامی سرزمینوں پر قابض ہوکر گریٹر اسرائیل کے نعرے لگا رہی تھی آج اس قدر ذلیل اور کمزور پڑ سکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے مسجد الاقصی کی آزادی کے ہدف کے چراغ کو روشن رکھا اور بانی تحریک اسلامی، رہبر انقلاب اور بانی اسلامی جمہوریہ حضرت امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی تعلیمات کے مطابق، مسجد الاقصی کی آزادی تک اس مشن پر قائم رہیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110