اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پوپ فرانسس کے نام پیغام میں لکھا ہے کہ غزہ اور لبنان کے عوام کو صہیونیوں کے غیرانسانی جرائم کا سامنا ہے جنہیں روکنے کی کوشش ایک شائستہ اور اہم اقدام ہوگا اور ان کے نتیجے میں متاثرین اور پریشان حال عوام کے مسائل کو کم کیا جا سکے گا۔
صدر پزشکیان نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران
اور ویٹیکن کے تعاون سے دنیا میں امن و انصاف کی کرن پھیل سکے گی۔
صدر مملکت نے غزہ میں گذشتہ ایک سال سے جاری صہیونی ریاست کے بے
رحمانہ مظالم اور جرائم کی یاددہانی کراتے ہوئے کہا کہ تل ابیب نے اس دوران تمام
انسانی اور عالمی قوانین کو پاؤں تلے روند ڈالا ہے، شہری اور بنیادی تنصیبات کو
تباہ کر دیا ہے، نسل کشی کا ارتکاب کرکے فلسطین جیسی مقدس سرزمین کی بے حرمتی کی
ہے حالانکہ یہ انبیاء کا مقام ولادت اور تمام انسانوں کے لیے امن و سکون کا مرکز
ہے۔
صدر پزشکیان نے کیتھولک عیسائیوں کے رہنما پوپ فرانسس کے نام پیغام میں
مزید لکھا ہے کہ صہیونیوں نے ہمارے دارالحکومت میں ہمارے مہمان کا قتل کیا اور جب
ہم نے مغربی حکومتوں کے اصرار پر جنگ بندی کی کوششوں کے لئے موقع دینے کی غرض سے
اپنی جائز اور قانونی جوابی کاروائی میں تاخیر کی، تو غاصب ریاست نے لبنان پر بھی
حملہ کردیا جو کہ آج تک جاری ہے۔
صدر پزشکیان نے پوپ فرانسس سے اپیل کی ہے کہ وہ صہیونیوں کی غیرانسانی
جارحیت کا سد باب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور دنیا بھر کی حکومتوں
بالخصوص عیسائی ممالک کی قیادت کو اس اہم اقدام کی تلقین کریں تا کہ پریشان حال
فلسطینیوں اور لبنانیوں پر مسلط کردہ مسائل کو کم کیا جا سکے۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران
بھی اس سلسلے میں ویٹیکن کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110