17 نومبر 2024 - 10:20
نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر دو فلیش بم پھینکے گئے، صہیونی پولیس

صہیونی پولیس کا کہنا ہے کہ قیصریہ میں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر دو فلیش بم پھینکے گئے جو ان کے باغ میں جا گرے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس اور صہیونی ریاست کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے والی سیکورٹی ایجنسی شن بیٹ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے باہر صحن میں دو فلیش بم پھینکے گئے۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا جبکہ نیتن یاہو اور اس کا خاندان گھر پر موجود نہیں تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ یہ ایک سنگین واقعہ ہے۔

صہیونی صدر اسحاق ہرزوگ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میں نے شن بیٹ کے سربراہ سے بات کی ہے اور اس واقعے کی جلد از جلد تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بم پھینکنے کے واقعے میں کون ملوث ہے۔

یہ واقعہ 19 اکتوبر کو صہیونی وزیراعظم کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے والے حزب اللہ کے ڈرون حملے کے بعد ہوا ہے جس کی ذمہ داری بعد میں حزب اللہ نے قبول کی تھی۔

نیتن یاہو نے اس وقت حزب اللہ پر انہیں اور ان کی اہلیہ کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔

قیصریہ حیفا شہر کے جنوب میں تقریباً 20 کلومیٹر (12 میل) کے فاصلے پر واقع ہے جسے حزب اللہ روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بناتی ہے۔

صہیونی فوج نے بتایا کہ سنیچر کے اوائل میں حزب اللہ کی جانب سے بھاری راکٹ بیراج سے حیفا میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

صہیونی فوج نے ایک اور بیان میں دعوی کیا کہ اس نے لبنان سے اسرائیل میں داخل ہونے والے 10 کے قریب پروجیکٹائل میں سے کچھ کو روک لیا ہے۔

حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر کئی راکٹ حملوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے حیفا کے علاقے میں ایک بحری اڈے سمیت فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110