4 نومبر 2024 - 10:45
پزشکیان:  ایران امن و استحکام کا خواہاں اور اور صہیونی ریاست جنگ اور بحران چاہتی ہے

صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے خطے کے بحران کے حوالے سے امریکہ اور یورپ کے ریاکارانہ طرز عمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج خطے کے تمام ممالک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران امن استحکام قائم کرنا چاہتا ہے اورصہیونی ریاست جنگ اور بحران بڑھانا چاہتی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اتوار 3 نومبر کی شام کو کابینہ کے اجلاس میں سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ  ہمارا اسلامی انقلاب اور ملت ایران کی قومی قدریں ظلم مخالف اور آزادی وخود مختاری، حق کی حمایت،  انسان دوستی اور امن پسندی پر استوار ہیں۔ 

صدر ایران نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا اور کبھی بھی جنگ کے لئے کسی ملک کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔

انھوں نے کہا کہ یہ امریکہ ہے جس نے ہمیشہ ہمارے خطے سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں جنگ کی آگ بھڑکائی ہے اور وہ آج بھی اسی نے صہیونی ریاست کی پشت پناہی کرکے خطے میں جںگ کی آگ بھڑکا رکھی ہے۔

صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے پورے خطے میں جنگ و خونریزی پھیلانے کے لئے صہیونی ریاست کے  مجرمانہ اور جارحانہ اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صہیونی ریاست تھی جس نے ہماری حکومت کے پہلے ہی دن شہید اسماعیل ہنیہ کو دہشت گردانہ حملے میں قتل کرکے جںگ کی آگ بھڑکائی۔

انھوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی دہشت گردانہ جارحیت کے باوجود ہم نے بعض ملکوں کے کہنے پر غزہ میں جنگ بندی اور بے گناہ فلسطینی عوام، عورتوں اور بچوں کا قتل عام رکنے کی امید پر تحمل سے کام لیا، لیکن صہیونی ریاست نے اپنے جرائم شدید تر کر دیئے اور جارحیت کا دائرہ لبنان تک پھیلا دیا۔ 

ڈاکٹر پزشکیان نے خطے کے بحران کے حوالے سے امریکہ اور یورپی ملکوں کے ریاکارانہ رویئے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ممالک واقعی جنگ اور خونریزی کے حامی نہیں ہیں تو جنگ بندی کی قرار دادوں کو ویٹو کیوں کرتے ہیں؟

انھوں نے کہا کہ آج خطے کے تمام تر ممالک کو یقین ہوگیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امن و استحکام کا خواہاں ہے اور یہ صہیونی ریاست ہے جو امریکہ اور یورپی ملکوں کی حمایت سے جنگ اور بحران کو شدید تر کررہی ہے۔ 

صدر ایران نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سلامتی کے خلاف جارحیت کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ  صہیونی حکام اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی غلط اقدام کا انہیں دنداں شکن جواب ملے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110