13 اکتوبر 2024 - 09:49
ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیاں قانون شکن باغی ریاست کو بھتہ دینے کے مترادف ہے، ڈاکٹر بقائی

وزارت خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ترجمان نے کہا کہ چند کمپنیوں اور بحری جہازوں پر امریکی پابندی ـ جو اس کے دعوے کے مطابق ایران کی تیل کی مصنوعات برآمد کرنے میں شریک ہیں ـ قانون شکن باغی صہیونی ریاست کو بھتہ دینے کے مترادف ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، وزارت خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ترجمان ڈاکٹر اسماعیل بقائی نے کہا: امریکہ نے مبینہ طور پر صہیونی فوجی ٹھکانوں پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے جوابی-دفاعی حملے کو بہانہ بنا کر ایران کے توانائی کے شعبے پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں جنہیں ہم بلا جواز اور غیر قانونی سمجھتے ہیں اور ان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا: صہیونی ریاست کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کا میزائل حملہ ذاتی دفاع کے جائز حق کے تسلسل میں بین الاقوامی قوانین پر منطبق قانونی اقدام تھا جبکہ چند جہازوں اور کمپنیوں پر امریکہ کی طرف سے پابندی لگانا، کہ یہ ایرانی تیل کی مصنوعات کی منتقلی میں شراکت دار ہیں، غیر قانوی اور غیر منطقی اور نامعقول اور قانون شکن باغی صہیونی ریاست کو بھتہ دینے کے مترادف ہیں۔  یہ پابندیاں صہیونیوں کو مزید جرات دیں گی کہ وہ بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کا قتل عام جاری رکھیں اور خطے اور دنیا کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دے۔

ڈاکٹر بقائی نے مزید کہا: ہم غیر قانونی امریکی اقدامات کا مناسب جواب دینے کے حوالے سے اپنے حق کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ امریکہ کو ملت ایران پر دباؤ ڈالنے اور پابندیوں کی  لت پڑ گئی ہے لیکن اس کی یہ بری عادت اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری، ارضي سالمیت، قومی مفادات نیز اپنے شہریوں کا دفاع کرنے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب دینے کے سلسلے میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110