2 اکتوبر 2024 - 07:21
ایران کا میزائل آپریشن یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 اور جائز دفاع کے حق پر مبنی تھا

ایران کے وزیر خارجہ نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر صرف اپنے جائز دفاع کا حق استعمال کیا اور صرف صہیونی ریاست کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ ایران، سید عباس عراقچی نے برطانیہ، فرانس، جرمنی اور بعض دوسرے ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی افواج کے میزائل آپریشن اور غزہ اور لبنان میں کشیدگی کے بارے میں فون پر تبادلۂ خیال کیا۔

سید عباس عراقچی نے اس موقع پر کہا: اسلامی جمہوریہ ایران نے صہیونی ریاست کے دہشت گردانہ حملوں اور تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد 2 ماہ سے زائد عرصے تک صبر و تحمل سے کام لیا اور مغرب کے ان وعدوں کا انتظار کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کا جلد از جلد اعلان ہوگا۔

انھوں نے مزيد کہا: صہیونیوں نے اس عرصے میں نہ صرف غزہ پر حملوں کو شدت بخشی بلکہ لبنان پر بھی حملہ کیا اور اس کے مذموم عزائم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی؛ اب تک غزہ اور لبنان کے 42 ہزار سے زیادہ افراد کو جارحیت کا نشانہ بناکر شہید کیا جاچکا ہے۔

سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ  اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر صرف اپنے جائز دفاع کا حق استعمال کیا اور خصوصی طور پر  صہیونی ریاست کے فوجی اور سیکورٹی اہداف کو نشانہ بنایا۔ 

انھوں نے یہ بات زور دے کرکہی کہ آپریشن ختم ہو چکا ہے لیکن اگر صہیونی ریاست نے جوابی کارروائی کی کوشش کی تو ہمارا ردعمل زیادہ سخت ہوگا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کشیدگی اور جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا، لیکن ہم جنگ سے ڈرنے والے بھی نہیں ہیں۔

۔۔۔۔۔۔

110