30 ستمبر 2024 - 06:12
معرکۂ طوفان الاقصیٰ جاری رہے گا /عالمی منافقت کو بند ہونا چاہئے، قدومی

ایران میں تحریک حماس کے نمائندے نے کہا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیا لیکن حیرت ہے کہ وہ اسے اقوام متحدہ میں مدعو کرتے ہیں اور اسے بولنے کی اجازت دیتے ہیں، اس عالمی منافقت کو بند ہونا چاہئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، تہران میں حرکۃ المقاومـۃ الاسلامیہ (حماس) کے نمائندے خالد قدومی نے صہیونی ریاست کے ہاتھوں فلسطینی اور لبنانی عوام کا قتل عام روکنے کے لئے نئے عالمی اور علاقائی اقدام کے بارے میں ارنا کے خارجہ پالیسی رپورٹر کے سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا صہیونی ریاست کے جرائم کی گواہ ہے۔

انہوں نے کہا: ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح اقوام متحدہ میں، جب مجرم نیتن یاہو نے تقریر کی تو سب لوگ اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

ان کا کہنا تھا: بلاشبہ قانونی لحاظ سے بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیا لیکن حیرت ہے کہ وہ اسے اقوام متحدہ میں کیسے مدعو کرتے ہیں اور بولنے کی اجازت دیتے ہیں، اس عالمی منافقت کو بند ہونا چاہیے۔

قدومی نے کہا: نیتن یاہو نے گستاخانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے لیکن اب تک دنیا اور خطے کی حکومتوں کی طرف سے کوئی سنجیدہ دباؤ نہیں آیا۔

انہوں نے زوردے کر کہا: مقاومت معرکۂ طوفان الاقصیٰ کو جاری رکھے گی۔ ہمیں اپنے دفاع کے لیے یہ راستہ چنا ہے اور اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ دنیا نے آج تک بیانات اور تقریریں کی ہیں لیکن کسی نے وہ اہم اقدام نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہئے تھا، ہمیں اسرائیلی اور امریکی افواج کے خلاف اپنی مزاحمت کو جاری رکھنا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110