17 ستمبر 2024 - 17:22
غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات انتہائی مشکل اور طویل ہیں، انتونیو گوٹیرس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پُراُمید ہیں کہ ایک معاہدہ طے پائے۔ / ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران نیتن یاہو سے ملاقات نہ ہو۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات انتہائی مشکل اور طویل ہیں۔ 

انھوں نے کہا: ہم ایک معاہدہ طے پانے کے حوالے سے پُراُمید ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران نیتن یاہو سے ملاقات نہ ہو کیونکہ جہاں تک میری معلومات ہیں، نیتن یاہو کا مجھ سے ملنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ 

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا بیان ایسے وقت آیا ہے، جب امریکی وزیرِ خارجہ مذاکرات کے لیے مصر کا دورہ کر رہے ہیں۔ 

دوسری جانب سے فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سٹی پر صہیونی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق غاصب صہیونی فوجیوں نے نے مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللّٰہ کے قصبے سلواد پر دھاوا بول دیا اور 3 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ 

صہیونی فوجیوں نے نابلس کے ایک گاؤں مادامہ سے بھی ایک فلسطینی کو گرفتار کر لیا ہے۔ 

فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز غزہ بھر میں اسرائیلی بمباری میں 35 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ 

ادھر عرب میڈیا کے مطابق غاصب صہیونی نے شہر البریح میں فلسطینی سیاسی رہنما احمد سعادت کے گھر پر چھاپہ مارا، اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔

110