16 ستمبر 2024 - 07:45
خلیج فارس کے ممالک سے تعلقات اولین ترجیحات میں شامل ہیں، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے اعلی اہلکار نے تہران میں مقیم خلیج فارس کی ساحلی عرب ریاستوں کے سفارتکاروں کے ساتھ اجلاس کے دوران کہا کہ خلیج فارس کے ممالک سے تعلقات میں اضافہ ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور، مجید تخت روانچی نے ایران میں مقیم خلیج فارس کے آٹھ ساحلی ممالک کے سفارتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس کے ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ صدر پزشکیان کی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور پہلے غیر ملکی دورے کے لئے عراق کا انتخاب اس بات کا عملی ثبوت ہے۔

تخت روانچی نے مزید کہا کہ خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے مفادات مشترک ہیں اور یہ حقیقت تقاضا کرتی ہے کہ یہ ممالک کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ موقف اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ اقتصادی، ٹرانزٹ، ماحولیات، جہاز رانی، منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور بحری سلامتی جیسے اہم معاملات میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔

اجلاس کے دوران خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے سفارتکاروں نے باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں تہران کے موقف کی تعریف کی اور مشترکہ مفادات کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

۔۔۔۔۔۔

110