اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا کے مطابق، گزشتہ روز امریکہ اور 3 یورپی ممالک برطانیہ، فرانس و جرمنی نے روس کو بیلسٹک میزائل دینے کا بے بنیاد الزام لگا کر ایران پر ایک بار پھر پابندی لگا دی۔ جس پر آج ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" نے ردعمل ظاہر کرتے کہا کہ امریکہ و یورپ نے ایک بار پھر غلط معلومات اور نامعقول دلائل کی بنیاد پر عمل کیا۔
انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ایران نے روس کو بیلسٹک میزائل نہیں دئیے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ پابندیوں کے عادی افراد کو خود سے پوچھنا چاہئے کہ ایران کیسے جدید ترین ہتھیار بنا سکتا ہے اور ان کے دعوے کے مطابق بیچ بھی سکتا ہے؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل کو بڑھاتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی، فرانسیسی اور جرمن وزرائے خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران پر پابندیاں لگانے کے فیصلے کا اعلان کیا۔
اس بیان میں کہا گیا کہ یوکرین تنازعے میں مداخلت کے سبب ایران کے ساتھ دوطرفہ فضائی معاہدہ منسوخ اور ایران ایئر پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔
نیز امریکی وزارت خارجہ نے بھی روس کو بیلسٹک میزائل دینے کا الزام لگا کر ایران کی قومی ایئرلائن "ایران ایئر" پر پابندی عائد کر دی۔