اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کیے مطابق، شہر کرمان میں شہیدوں کے قبرستان گلزار شہدا کے راستے میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید سلیمانی کے متعدد عقیدتمندوں کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی امام خامنہ ای (دام ظلہ العالی) نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جو حسب ذیل ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ملت ایران کے جرائم پیشہ اور شر پسند دشمنوں نے پھر المیہ رقم کیا اور کرمان میں شہیدوں کے مزار کی عطر انگیز فضا میں عزیز عوام کی ایک بڑی تعداد کو شہید کر دیا۔
ملت ایران سوگ میں ڈوب گئی اور بہت سے خاندان اپنے عزیزوں اور جگر گوشوں کے غم میں مبتلا ہو گئے۔ سنگ دل مجرم، عوام کا اپنے عظیم کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کے مزار کی زیارت کا عشق و شوق برداشت نہ کر پائے۔ وہ یاد رکھیں کہ سلیمانی کی روشن راہ کے سپاہی بھی ان کی کمینگی اور جرائم کو برداشت نہیں کریں گے۔ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہاتھ ہوں یا وہ بد اطوار اور شر انگیز دماغ جنہوں نے ان عناصر کو اس گمراہی کی جانب دھکیلا، وہ اسی لمحے سے منصفانہ سرکوبی اور سزا کا یقینی ہدف بنے رہیں گے۔ وہ یاد رکھیں کہ اس تباہ کاری کے کا جواب بہت شدید ہوگا۔ بإذن اللہ
میں سوگوار خاندانوں کے غم میں شامل اور ان کے ساتھ ہوں اور اللہ تعالی سے ان کے لئے صبر و سکون کی دعا کرتا ہوں۔ شہیدوں کی پاکیزہ ارواح ان شاء اللہ خاتون دو عالم اور شہیدوں کی ماں حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی مہمان ٹہری ہيں۔ اس سانحے کے زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں اور درگاہ خداوندی میں ان کی شفا کا طلبگار ہوں۔
سید علی خامنہ ای
3 جنوری 2024