21 اپریل 2023 - 19:36
ایران اور اردن کی قربتوں نے "اسرائیل" کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔۔۔ صہیونی اخبار

ایک صہیونی اخبار نے - جمعرات 20 اپریل کو اسلامی جمہوریہ ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت کے بعد، - فاش کیا ہے کہ ایران اور اردن کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتوں نے اسرائیل کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔

عالمی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی - ابنا - کی رپورٹ کے مطابق، عبرانی زبان میں چھپنے والے اخبار "معاریو" (Maariv) نے لکھا ہے کہ ایران اور اردن کے درمیان، تعلقات کے فروغ کی غرض سے، ہونے والا سمجھوتہ اسرائیل کی شدید تشویش کا باعث بنا ہؤا ہے۔

اس عبرانی اخبار نے لکھا ہے کہ ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک بات چیت میں "جلد از جلد" دو طرفہ مذاکرات کے انعقاد سے اتفاق کیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللٰہیان نے اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے دو ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کے سلسلے میں اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

معاریو نے لکھا: فریقین نے اعلان کیا ہے کہ تعلقات کے اگلے مرحلے کی خاطر سمجھوتے تک پہنچنے کے لئے دو طرفہ رابطوں کو جاری رکھا جائے گا اور خطے میں امن و سلامتی کے لئے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

صہیونی اخبار نے مزید لکھا: اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سمجھوتے کے بعد اب ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ کے درمیان رابطوں نے اسرائیل کو پریشان اور فکرمند کر دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ نے جمعرات (20 اپریل 2023ع‍) کی شام کو، ٹیلی فونک رابطے دوران، دو ممالک کے ہاں کے اہم ترین دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اور ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے اردنی ہم منصب کو عید فطر کے سلسلے میں مبارکباد دی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ اردن اور شاہ اردن سے اپنی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنے ملک کا عزم دہرایا۔

انھوں نے فلسطینی عوام کی حمایت اور قدس شریف کے مقامات مقدسہ کے تحفظ کے سلسلے میں اردن کے کردار کی تعریف کی اور کہا: نسل پرست صہیونی ریاست اس خطے اور امت مسلمہ کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

ڈاکٹر حسین امیر عبداللٰہیان نے اپنے اردنی ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی، مسجد الاقصیٰ کی صہیونیوں سے آزادی اور فلسطینی عوام کے حقوق کے مکمل حصول کی ضرورت پر زور دیا۔

اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بھی اس رابطے کے دوران، عید فطر کی مناسبت سے ایران کی حکومت اور عوام کو مبارک باد کہتے ہوئے، ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے اپنے ملک کے عزم کا اظہار کیا اور کہا: ایران خطے کا اہم اہم ملک ہے اور اس ملک کے ساتھ تعلقات کا فروغ ہمارے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

انھوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اہم علاقائی تبدیلی کے سلسلے میں بھی ایرانی وزیر خارجہ کو مبارک باد کہتے ہوئے فلسطینیوں کے حقوق کے احیاء اور علاقے کی سلامتی اور استحکام کی حمایت نیز صہیونیوں کے جارحانہ اقدامات کے مقابلے میں، بیت المقدس کے مقدس مقامات کے تحفظ پر زور دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 110