ریسپکٹ پارٹی کے چیئرمین جارج گیلووے ایم پی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ جنگ اور تین ہفتوں کی مسلسل بمباری سے فلسطینیوں کے حوصلے اور جرأت کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن دنیا نے دیکھا ہے کہ فلسطینیوں کے حوصلے اور عزم پوری قوت کے ساتھ قائم ہیں اور اپنے وطن کی آزادی اور خودمختاری کے لیے فلسطین کے شہید ایک روشن اور تابناک تاریخ رقم کر رہے ہیں وہ گزشتہ روز یہاں المعاذ سنٹر میں اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے ہونے والے بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قدر شرمناک بات ہے کہ اسرائیلی فوج نے تین ہفتے نہتے اور بے گناہ شہریوں پر بم برسائے اور پندرہ سو کے قریب معصوم شہریوں کو ہلاک کیا اور اب وہ خود ہی جنگ بندی کر کے اپنی فتح کا اعلان کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں یہ اسرائیلی فوج کی شکست ہے جو بدترین بمباری اور عوام کے قتل عام سے بھی فلسطینیوں کو نہیں دبا سکی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی گھناؤنی سازش اور ریا کاری کی انتہا نہیں ہے کہ اسرائیل کے پاس دنیا کے جدید ترین ہتھیار ہیں لیکن فلسطینیوں کو اپنے دفاع کے لیے بھی بندوق اور ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلسطینیوں کو بھی اسرائیلیوں کی طرح ٹینک، جہاز اور توپیں دستیاب ہوں تو دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ اسرائیل کی ناجائز، غیر قانونی اور ظالم ریاست آدھ گھنٹہ بھی قائم نہیں رہ سکتی۔