8 اگست 2021 - 16:22
انجمن شرعی شیعیان کا خصوصی محرم اجلاس آغا حسن کی صدارت میں منعقد

اجلاس میں تنظیم کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوس ہائے عزا اور مجالس حسینیؑ کے انتظامات کو تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا خصوصی محرم اجلاس صدر دفتر پر تنظیم کے سربراہ اور حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوس ہائے عزا اور مجالس حسینیؑ کے انتظامات کو تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ اراکین و عاملین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم تقریبات کے تسلی بخش اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لاکر تنظیمی ذمہ داریوں کا بھر پور ثبوت پیش کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی نے ماہ محرم الحرام کو دین و شریعت کے تحفظ کیلئے احساس ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیتے ہوئے اراکین و عاملین سے تاکید کی کہ وہ محرم تقریبات کے دوران ہر سطح پر حدود شریعت اور احترام انسانیت کو ترجیح دیکر شہدائے کربلا کو حقیقی معنوں میں خراج نذر کریں۔ انہوں نے امید ظہار کی کہ محرم تقریبات کے دوران آپسی اتحاد و اخوت کو بنائے رکھنے کیلئے وادی کی تمام دینی تنظیمیں اپنا گرانقدر تعاون میسر رکھیں گی ۔ آغا صاحب نے کہا کہ امام عالیمقام ؑ اور ان ؑ کے جان نثاروں کی عظیم قربانیاں ملت اسلامیہ کا سرمایہ نجات ہے۔ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے محرم انتظامات کے اعلانات کو گمراہ کن اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کبھی بھی محرم انتظامات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں تھی اور نہ ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام محرم شروع ہونے والے ہیں ابھی تک زمینی سطح پر حکومت کے محرم انتظامات کا کوئی نام ونشان نظر نہیں آرہا ہے۔ اجلاس میں تمام عزادارن شہداے کربلا ؑ سے تاکید کی گئی کہ وہ محرم تقریبات کے دوران موجودہ عالمی وبا کے پیش نظر احتیاتی تدابیر کا خاص خیال رکھیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲