15 جون 2009 - 19:30

کرغزستان پولیس نے دارالحکومت بشکیک میں ایک گھر سے امریکی سفارتی اہلکاروں اور دس فوجیوں کوبھاری اسلحے سمیت پکڑ لیا۔

کرغزستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پولیس نے بشکیک میں ایک گھرپر چھاپے کے دوران دس امریکی فوجیوں اور متعدد سفارتی اہلکاروں کو اسلحے سمیت پایا۔ بیان کے مطابق امریکی فوجی کرغزستان کی سیکرٹ سروس کے ساتھ تربیت کے لئے آئے تھے۔ جس مکان پر چھاپہ مارا گیا وہ امریکا کے سفارتی اہلکار نے کرائے پر لے رکھا تھا۔ پکڑے گئے اسلحے میں گرینیڈ ، لانچرز ، رائفلیں، مشین گنز، بارود اوراندھیرے میں دیکھنے والی عینکیں شامل تھیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتی اہلکاوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ بشکیک میں امریکی سفارتخانے نے واقعے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صورتحال کو دیکھ رہے ہیں کہ یہ واقعہ کس طرح رونما ہوا۔ امریکا نے افغانستان میں آپریشنز کے لئے روس کی سابق ریاست کرغزستان میں ملٹری بیس قائم کر رکھاہے۔ تاہم حالیہ عرصے میں مختلف واقعات کی بنا پر دونوں ملکوں کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔