13 مارچ 2021 - 20:03
آیت اللہ صافی گلپائیگانی: جناب ابوطالب (ع) سیمینار کا انعقاد حوزہ علمیہ کے لیے باعث فخر ہے

موصوف نے اس سیمینار کو حوزہ علمیہ کے لیے باعث فخر گردانتے ہوئے کہا: انشاء اللہ حوزہ علمیہ سالہا سال تک اس سیمینار کی علمی برکتوں سے مستفید ہوتا رہے گا اور پہلے سے زیادہ اس شخصیت کو متعارف کروانے میں کامیاب ہو گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی نے مورخہ ۹ مارچ ۲۰۲۱ بروز منگل کو عالم تشیع کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی سے ملاقات کر کے "جناب ابوطالب (ع) حامی پیغمبر اعظم(ص) بین الاقوامی سیمینار" کے انعقاد کی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ سے قبل آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے اس عظیم سیمینار کے انعقاد پر اس کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امت اسلامیہ کو جناب ابوطالب کا رہین منت قرار دیا اور کہا: الحق جناب ابوطالب اور ان کے عظیم گھرانے نے اسلام کے تئیں عظیم قربانیاں پیش کیں لہذا شیعوں بلکہ تمام مسلمانوں کی یہ ذمہداری ہے کہ آپ کو متعارف کروائیں اور ان کی شخصیت کو دنیا میں پہچنوائیں۔
حوزہ علمیہ کے اس عظیم استاد نے کہا: ہم نے جو کچھ اس وقت تک انجام دیا اس کے باوجود ہم نے اس عظیم شخصیت کو پہچنوانے میں بہت کوتاہی کی جناب ابوطالب تاریخ اسلام کے وہ عظیم مرد ہیں جو علم، ادب، صداقت، شجاعت بلکہ تمام کمالات میں ہر دور کے لیے نمونہ عمل ہیں ہم جتنا بھی بیان کریں تب بھی ہم نے ان کے فضائل کے سمندر کا ایک قطرہ بھی بیان نہیں کیا۔
"کتاب فضل تو را آب بحر کافی نیست
کہ تر کنند سر انگشت و صفحہ بشمارند"
(ترجمہ) تیری فضیلت کی کتاب اتنی بڑی ہے کہ سمندر کا پانی بھی کافی نہیں ہے کہ اس سے اپنی انگلی تر کریں اور تیرے فضائل کی کتاب کے صفحات شمار کریں۔
عالم تشیع کے اس مرجع تقلید نے اس عظیم شخصیت کے تعارف کو الہی توفیق قرار دیا اور کہا: جناب ابوطالب کا نام زندہ کرنا گویا دین و مذہب کو زندہ کرنا ہے اور یاد رکھیں اس امر میں شرکت الہی لطف و کرم اور ابوطالب کے بیٹے امیر المومنین علی علیہ السلام کی نگاہ خاص کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ لہذا اس بڑی کامیابی کی قدر جانتے ہوئے خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
موصوف نے اس سیمینار کو حوزہ علمیہ کے لیے باعث فخر گردانتے ہوئے کہا: انشاء اللہ حوزہ علمیہ سالہا سال تک اس سیمینار کی علمی برکتوں سے مستفید ہوتا رہے گا اور پہلے سے زیادہ اس شخصیت کو متعارف کروانے میں کامیاب ہو گا۔
آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور سیمینار کے سہیم دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: میں آپ کے اس عمل سے بہت خوش ہوا ہوں اور آپ پر غبطہ کرتا ہوں کہ ؛ یا لیتنی کنتُ معکم فافوز فوزاً عظیما.
انہوں نے آخر میں کہا : میں آپ کے لیے دعا کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف آپ کو محفوظ رکھیں اور مزید کامیاب و کامران کریں۔

...........

242