22 اکتوبر 2020 - 19:49
انگریزی شیعہ کون ہیں؟ نویں قسط

قمہ زنی اور چھریوں والی زنجیر کا استعمال، شیشے کی کرچیوں اور آگ پر چلنا، اور وہ سارے اعمال جو نہ تو شریعت سے ثابت ہیں اور نہ عقل ان کی اجازت دیتی ہے؛ طبی تقاضوں سے متصادم ہیں، اور تبلیغی حوالے سے حتّٰی وہ لوگ بھی ان انحرافی اعمال کا حوالہ دے کر مذہب تشیع کے پیروکاروں کی تضحیک کرتے ہیں جو خود انسان کا سر کاٹ کر ان کے اعضاء و جوارح الگ کرتے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ گزشتہ سے پیوستہ؛

بحیثیت مجموعی انگریزی تشیع کے سرغنوں کے ترویجی انحرافات درج ذیل ہیں:
1۔ قمہ زنی اور چھریوں والی زنجیر کا استعمال، شیشے کی کرچیوں اور آگ پر چلنا، اور وہ سارے اعمال جو نہ تو شریعت سے ثابت ہیں اور نہ عقل ان کی اجازت دیتی ہے؛ طبی تقاضوں سے متصادم ہیں، اور تبلیغی حوالے سے حتّٰی وہ لوگ بھی ان انحرافی اعمال کا حوالہ دے کر مذہب تشیع کے پیروکاروں کی تضحیک کرتے ہیں جو خود انسان کا سر کاٹ کر ان کے اعضاء و جوارح الگ کرتے ہیں، ان کا مثلہ کرتے ہیں اور دنیا بھر میں اسلام کو بدنام کرتے ہیں۔ خونی ماتم بھی دنیا بھر میں تشیع کی تضحیک اور مذہب شیعہ سے نفرت کا باعث اور اس کی ترویج میں رکاوٹ بنتا ہے اور اس کی وجہ سے لوگ شیعیان اہل بیت(ع) سے نفرت کرتے ہیں اور ان پر جہالت کا الزام لگاتے ہیں جو اہل بیت(ع) کے دشمنوں کو سزا دینے کے بجائے خود زنی کرتے اور اپنے آپ کو سزا دیتے ہیں۔
راقم نے خود بھی دیکھا ہے اور مغربی اور مشرقی دنیاؤں کا سفر اختیار کرنے والے اہل دانش بزرگوں اور جوانوں سے بھی سنا ہے کہ "جب ہم امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے سلسلے میں گریہ و بکاء کرتے ہیں تو لوگ آکر سے پوچھتے ہیں کہ یہ گریہ کس کے لئے ہے اور کس لئے ہے اور اسکا مقصد کیا ہے" اور ہم بآسانی کربلا کا واقعہ بھی سناتے ہیں مقصد امام حسین(ع) کو بیان کرتے ہیں جس کے نتیجے میں کئی لوگ تحقیق کا راستہ اپناتے ہیں، مسلمان ہوجاتے ہیں اور راہ اہل بیت(ع) کی طرف پلٹ آتے ہیں لیکن جب ہم سے کچھ لوگ خون بہاتے ہیں تو لوگ نفرت کی نگاہ سے یا خوفزدہ ہوکر، ہمیں دیکھتے ہیں اور ہم سے بات کرنا پسند نہیں کرتے ہیں"، (قمہ زنی اور زنجیرزنی = خونی ماتم کے حوالے سے qamaandzanjir.blogfa.com کی ابتدائی پوسٹوں ـ بعنوان "خفیہ ہاتھ" ـ سے رجوع کیا جاسکتا ہے)۔
2۔ اہل سنت کے مقدسات کی توہین کرنا اور برائت پر اصرار کرکے دشمن کی بساط پر کھیل کر امت مسلمہ کو دشمنوں کے سامنے کمزور کرنا اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانا، جبکہ وہ خود ان جنگوں میں حاضر نہیں ہوتے بلکہ شیعیان عالم کے لئے بےانتہا مسائل کھڑے کرتے ہیں اور ان کے قتل عام اور ان کے خلاف دہشت گردانہ کاروائیوں کے اسباب فراہم کرتے ہیں۔
3۔ انقلاب اسلامی کی اعلانیہ مخالفت، اور امام خمینی اور امام خامنہ ای کی توہین کرنا؛ جبکہ دوست اور دشمن اعتراف کرتے ہیں کہ اسلامی انقلاب اور اس کے راہنما اسلام اور تشیع کی عزت و آبرو کے علمبردار ہیں اور انھوں نے اسلامی امت کے تمام مقدسات کا مؤثر تحفظ دیا ہے اور آج بھی امت کے تمام مقدسات اور ان کے مفادات کے تحفظ کا پرچم انقلاب اسلامی اور اس کے رہبر معظم امام خامنہ ای کے ہاتھ میں ہے اور تمام تر سازشوں کے باوجود آج اگر ہم دیکھ رہے ہیں کہ تشیع اور اسلام اور امت اسلامی کا وجود محفوظ ہے تو اس کا سبب انقلاب اسلامی اور اس کے رہبر ہیں۔
انگریزی شیعوں کے بہت سارے انحرافات اس سلسلۂ مضامین کے ضمن میں بھی بیان ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابو اسد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲