8 اگست 2020 - 17:34
حضرت علی (ع) کی عظمت و عصمت کا منکر کبھی مومن نہیں ہو سکتا: ایم ڈبلیو ایم

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی عظمت و عصمت کا منکر کبھی مومن نہیں ہو سکتا۔ ولایت امیر المومنین پر ایمان ہمارے دین اور عقیدے کی اساس ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جشن عید غدیر کے موقع پر عالم اسلام بالخصوص وطن عزیز میں بسنے والے محبانِ اہلبیت علیہم السلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے منافق و مومن کی پہچان کا معیار ذکر علی ع کو قرار دے کر چودہ سو سال پہلے ہی ایک اہم مسئلے کا حل بتا دیا ہے۔

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی عظمت و عصمت کا منکر کبھی مومن نہیں ہو سکتا۔ ولایت امیر المومنین پر ایمان ہمارے دین اور عقیدے کی اساس ہے۔جس پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ جو شر پسند قوتیں اپنی شاطرانہ چالوں سے ملت تشیع کے بنیادی عقائد کو نشانہ بنانا چاہتی ہیں انہیں ہمیشہ منہ کی کھانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کی حقیقت واضح ہونے کے بعد اہل سنت کے حق پرست علما نے بھی جس شدت سے اس کی مخالفت کی ہے اس پر داد نہ دینا بددیانتی ہو گی۔

انہوں نے کہا ملت تشیع وحدت و اخوت کی داعی اور دوسروں کے مقدسات کے احترام کو اپنا اولین فریضہ سمجھتی ہے تاہم مقدسات کے نام پر بنیادی عقائد پر وار کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا جس طرح خلافت پر اہل سنت برادران کا ایمان ہے بالکل اسی طرح ہم ولایت و امامت کے قائل ہیں۔ان اختلافات کو نزاع میں بدلنے والوں کے ایجنڈے کا پہلا نکتہ ہی قومی سلامتی پر کاری ضرب لگانا ہے۔ملت تشیع اور اہل سنت برادران ارض پاک کا مضبوط نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ملک و قوم کے امن و سلامتی کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں دانش وبصیرت کے دامن کو مضبوطی سے پکڑنا ہو گا تاکہ دشمن کو اپنے ارادوں میں ناکامی و خجالت اٹھانا پڑے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲