اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کے صدر پوتین اور ترک صدر طیب اردوغان نے باہمی ملاقات میں شام کے علاقے ادلب میں جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ماسکو میں یہ ملااقت 6 گھنٹے تک جاری رہی ۔
اطلاعات کے مطابق صدر طیب اردوغان نے شام کی کشیدہ صورت حال پر بات چیت کرنے کے لیے تیسری بار صدر پوتین سے روسی دارالحکومت ماسکو میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے مسلسل 6 گھنٹوں تک مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بالعموم اور ادلب سے متعلق بالخصوص تبادلہ خیال کیا اور دونوں رہنماؤں نے سیز فائر سمیت کئی اہم نکات پر اتفاق کرلیا ہے۔
اس موقع پرصدر پوتین نے ترکی کے صدر کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس اہم اور حساس معاملے کو حل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ جنگ بندی کے ذریعے شہریوں کی اذیت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ تباہ حال املاک اور اپنے پیاروں کو کھو دینے والے غم سے نڈھال شہریوں کی امداد اور انہیں پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ایک دستاویز تیار کرلی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق روسی صدر پوتین نے ترک صدر کو جنگ بند کرنے راضی کرلیا ہے ورنہ ادلب میں جاری جنگ میں روس اور ترکی کا آمنا سامنا یقینی تھا ۔ جس سے امیرکہ اور اسرائیل کو فائدہ پہنچتا۔