اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعرات

23 مئی 2024

4:46:31 AM
1460565

عراقی وزیر اعظم کی رہبر معظم سے ملاقات؛ ہم ایک نمایاں شخصیت کو کھو چکے ہیں۔ امام خامنہ ای

عراقی وزیر اعظم، جو شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر آئے تھے، نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی، اور رہبر معظم (مد ظلہ العالی) نے اس موقع پر فرمایا: ہم ایک نمایاں شخصیت کو کھو چکے ہیں، جناب صدر رئیسی بہت اچھے بھائی، ایک لائق، مؤثر، مخلص اور سنجیدہ منتظم تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی، جو شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر آئے تھے، کل [بدھ 22 مئی 2024ع‍ کی] صبح رہبر معظم امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) سے ملاقات کی اور عراقی حکومت اور قوم کی طرف سے صدر اور وزیر خارجہ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے سانحے پر رہبر معظم کو تعزیت پیش کی۔

جناب سودانی نے اس موقع پر رہبر معظم سے کہا: میں ان تکلیف دہ حالات میں آپ جناب سے ملاقات کے لئے آیا اس لئے کہ عراقی حکومت اور عوام کے حزن و غم اور تعزیت و تسلیت کا اعلان کروں۔ جو کچھ ہم نے ایران کے شہید صدر جناب رئیسی کے بارے میں دیکھا وہ صرف صدق،اخلاق، پاکیزگی، محنت، کوشش اور عوام کی خدمت سے عبارت ہے۔

عراقی وزیر اعظم نے شہید صدر کے جلوس جنازہ میں کروڑوں انسانوں کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جو تصاویر میں نے ٹیلی ویژن کے اسکرین پر دیکھیں، وہ ایک روشن پیغام دے رہی تھیں  اور وہ یہ کہ بیرونی دباؤ اور پابندیوں اور اس ناخوشگوار واقعے کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران میں عوام اور حکام کے درمیان تعلق بہت گہرا اور مستحکم ہے۔

انھوں نے مزید کہا: شہید صدر کے جنازے میں کروڑوں انسانوں کی شرکت کا دوسرا پیغام یہ ہے کہ لوگوں کی خدمت کا اہتمام کرنا چاہئے، اور یہ شاندار جلوس جنازہ عوام کی خدمت کا نتیجہ ہے اور عراق میں بھی یہ ہمارے لئے ایک نمونۂ عمل ہونا چاہئے۔

رہبر معظم امام خامنہ ای (مد ظلہ العالی) نے اس موقع پر عراقی وزیر اعظم کے دورہ تہران اور اظہار ہمدردی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: ہم ایک نمایاں شخصیت کو کھو چکے ہیں، جناب صدر رئیسی بہت اچھے بھائی، ایک لائق، مؤثر، مخلص اور سنجیدہ منتظم تھے۔

آپ نے مزید فرمایا: اس وقت آئین کی رو سے جناب محمد مخبر نے بھاری ذمہ داری سنبھالی ہے اور ان شاء اللہ عراقی حکومت کے ساتھ تعاون اور مفاہمت کا  موجودہ عمل جاری رہے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110