اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
بدھ

13 مارچ 2024

11:02:39 PM
1444291

کلامِ وحی اہل بیت(ع) کے کلام میں / قرآن؛ موجودات میں سب سے اعلیٰ

متعدد احادیث و روایات میں ایسے بہت سارے نمونے منقول ہیں جن میں پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ) اور ائمۂ اطہار (علیہم السلام) قرآن کریم کی عظمت اور ممتاز خصوصیات بیان ہوئی ہیں، جن میں بعض عناوین کو، چند حصوں میں بیان کیا جائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، قرآن کریم کی تعلیمات و معارف کی طرف دنیا والی کی توجہ اس قدر ہے کہ حالیہ برسوں میں ہم کلام اللہ کے خلاف دشمنوں کی متعدد منصوبہ بندیوں اور اقدامات کا مشاہدہ کرتے آئے ہیں؛ یہ اقدامات چلتے چلتے اللہ کی مقدس ترین اور محفوظ ترین کتاب "قرآن کریم" کی براہ راست توہین تک بھی پہنچ گئے؛ اگرچہ اللہ کا نور اور اللہ کا کلام نہ صرف ـ ہرگز ہرگز ـ اس قسم کے اقدامات کی وجہ سے خاموش نہیں ہوتا بلکہ ہر روز، گذشتہ روز سے کہیں زیادہ، عالم گیر اور عالمتاب ہوتا ہے اور دنیا والوں کے دلوں کو روشن کرتا ہے۔

کلام وحی کے بارے میں کچھ کہنا یا لکھنا، سورج کو چراغ دکھانے یا ٹھاٹھیں مارتے سمندر کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے؛ اور اسرار الہیہ کی محرم ہستیوں ـ یعنی رسول خدا اور اہل بیت (علیہم السلام) کی تعلیمات اور مکتب اہل بیت(ع) ـ کا دامن تھامنا، قرآن کے معارف و تعلیمات سے فیض یابی کا واحد راستہ ہے۔ 

قرآن کریم کے بارے میں ائمۂ اطہار (علیہم السلام) کی احادیث کلام واحد کے معارف سے اتصال کا واحد راستہ ہیں، کیونکہ یہ ذوات مقدسہ علوم الہیہ کا بے ساحل سمندر ہیں۔

متعدد احادیث و روایات میں ایسے بہت سارے نمونے منقول ہیں جن میں پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ) اور ائمۂ اطہار (علیہم السلام) قرآن کریم کی عظمت اور ممتاز خصوصیات بیان ہوئی ہیں، جن میں بعض عناوین کو، چند حصوں میں بیان کیا جائے گا۔

قرآن؛ موجودات میں سب سے اعلیٰ

قرآن کریم کی عظمت کے سلسلے میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کا یہ کلام، کتاب اللہ کی عظمت کا گواہ ہے، جہاں آنحضرت(ص) نے فرمایا:

"اَلْقُرْآنُ أَفْضَلُ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ دُونَ اَللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ؛ قرآن سوائے اللہ کے، تمام اشیاء و موجودات سے افضل ہے"۔ (حسین نوری طبرسی، مستدرک الوسائل، ج4، ص236)۔

رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) نے دوسری حدیث میں قرآن کریم کی اہمیت و عظمت کو، کلام اللہ کے دوسرے کلاموں کے ساتھ موازنے کی صورت میں، بیان فرماتے ہیں:

"فَضْلُ اَلْقُرْآنِ عَلَى سَائِرِ اَلْكَلاَمِ كَفَضْلِ اَللَّهِ عَلَى خَلْقِهِ؛ دوسرے کلاموں کے مقابلے میں قرآن کی فضیلت و برتری، خدا کی مخلوقات پر خدا کی برتری کی مانند ہے"۔ (علامہ مجلسی، بحار الانوار، ج92، ص17)۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110